ملک بھر میں عید میلاد النبیﷺ کا جشن میلاد جوش وخروش سےمنایا جارہا ہے/ اسلام دین اعتدال ہے ۔ نواز شریف کا پیغام

IQNA

ملک بھر میں عید میلاد النبیﷺ کا جشن میلاد جوش وخروش سےمنایا جارہا ہے/ اسلام دین اعتدال ہے ۔ نواز شریف کا پیغام

13:35 - December 24, 2015
خبر کا کوڈ: 3468972
بین الاقوامی گروپ:دن کے آغاز پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 جبکہ صوبائی دارالحکومت میں 21 توپوں کی سلامی دی گئی ۔ مساجد میں نماز فجر کے بعد خصوصی دعائیں مانگی گئیں

ایکنا نیوز- جشن عید میلاد النبی ﷺ عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے ۔ اس موقع پر پورے پاکستان کے طول و ارض کو نبی اکرم ﷺ کی ولادت کے جشن کے سلسلہ میں گلیوں ، عمارتوں اور شاہراہوں کو سجایا گیا ہے جبکہ فضا درود و سلام کی صداؤں سےسرشار  ہے ۔ ملک کے تمام  شہروں اور قصبوں میں میلاد النبیﷺ کے جلوس نکالے جارہے ہیں۔ اس موقع پر  صدر ممنون حسین اور وزیر اعظم محمد نواز شریف نے عید میلاد النبی کے موقع اپنے  الگ الگ پیغامات میں کہا ہے کہ نبی آخرالزماں حضرت محمد مصطفیٰ ۖ کا پیغام کسی خاص علاقے یا قوم تک محدود نہیں بلکہ پوری انسانیت کیلئے مشعل راہ ہے۔  پیغمبر اسلام ۖ نے ہمیں میانہ روی اعتدال اور عدل قائم کرنے کی ہدایت کی اور ہر قسم کی شدت پسندی اور دہشت گردی کو اسلام کے اصولوں کے منافی قرار دیا۔ صدر مملکت ممنون حسین نے اپنے پیغام میں پیغمبر اسلام حضرت محمد ۖ کی ولادت با سعادت کے موقع پر پوری ملت اسلامیہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ مبارک دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ حضور رحمت للعالمین ۖ کے اسوہ حسنہ کی روشنی میں اس دنیا کو دکھوں اور مسائل سے نجات دلانا ہماری ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے کہا  کہ ، پیغمبر اسلام ۖ کی سیرت اور آپ ۖ کی سنت کی پیروی پر پوری انسانیت کی کامیابی کا انحصار ہے حجتہ الوداع کے موقع پر آپ ۖ کا خطبہ اور آپ ۖ کا عمل ہمیں رنگ و نسل ، علاقائی ، انسانی وا ذاتی تعصبات سے پاک زندگی گزارنے کا درس دیتا ہے۔ آپ ۖ کا پیغام کسی خاص علاقے یا قوم تک محدود نہیں بلکہ پوری انسانیت کیلئے مشعل راہ ہے۔ پیغمبر اسلام ۖ نے ہمیں میانہ روی اعتدال اور عدل قائم کرنے کی ہدایت کی اور ہر قسم کی شدت پسندی اور دہشت گردی کو اسلام کے اصولوں کے منافی قرار دیا ۔ وزیر اعظم  نواز شریف نے  عید میلادالنبی کے موقع پر  اپنے پیغام میں کہا کہ آج پیغمبر اسلام رحمتہ اللعالمین حضرت محمد ۖ کا یوم ولادت ہے۔ میں اس موقع پر اہلیان وطن کو مبارکباد پیش کرتا ہوں ۔ ہم اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں کہ اس نے ہمیں نبی ۖ کا امتی ہونے کا شرف بخشا ۔ اللہ تعالیٰ نے اپنے پیارے نبی ۖ پاک کے ذریعے ہمیں اپنا پسندیدہ دین عطا فرمایا۔  وزیر اعظم نے کہا کہ  اسلام دین رحمت ہے۔ اللہ تعالیٰ انسان اور انسانی فطرت کا خالق ہے اس نے اپنے بندوں کی بہتری اور رہنمائی کیلئے نبی کریم حضرت محمد ۖ کی آفاقی شخصیت کو تمام جہانوں کیلئے رحمت بنا کر بھیجا۔ آپ ۖ کی زندگی کو مجسم قرآن قرار دیا گیا ہے جس میں اُمت کیلئے مکمل رہنمائی اور ہدایت موجود ہے ۔ آپ ۖ  کا کردار ، عمل اور تعلیمات پوری زندگی کا احاطہ کرتی ہیں ان پر عمل کرنا صراط مستقیم پر چلنا ہے۔ وزیر اعظم نے  اللہ تعالیٰ سے دعا کی ہے کہ وہ  ہم سب کی کوتاہیوں کو معاف فرمائے اور ہمیں محسن انسانیت حضور اقدس ۖ کی شفاعت نصیب فرمائے اور پاکستان کو امن و سکون کا گہوارہ بنائے ۔

ٹیگس: اسلام ، دین ، میلاد ، جشن ، ملک ، نواز
نظرات بینندگان
captcha