پاکستان میں آج لاکھوں فرزندان اسلام اعتکاف کیلئے مساجد کا رخ کریں گے

IQNA

پاکستان میں آج لاکھوں فرزندان اسلام اعتکاف کیلئے مساجد کا رخ کریں گے

13:24 - May 26, 2019
خبر کا کوڈ: 3506169
بین الاقوامی گروپ-ماہ رمضان المبارک کے تیسرے اور آخری عشرے کے آغاز سے قبل ہی ملک بھر کی مساجد میں لاکھوں فرزندان اسلام اعتکاف میں بیٹھ جائیں گے۔

ایکنا نیوز- ڈان نیوز -جہنم کی آگ سے نجات کے اس عشرے میں لیلۃ القدر بھی موجود ہے جس کے لیے مساجد میں خصوصی دعاؤں کا اہتمام بھی کیا جاتا ہے، معتکفین سنت نبوی کی پیروی کرتے ہوئے اپنا زیادہ تر وقت خصوصی عبادات اور بخشش کی دعاؤں میں گزاریں گے۔

مسلمان رمضان کے آخری عشرے میں دنیاوی معاملات سے کٹ کر اللہ کی خوشنودی کے لیے عبادات میں مصروف رہتے ہیں جو یقیناً بہت بڑی سعادت ہے۔

خیال رہے کہ رمضان المبارک کے آخری عشرے میں بڑی تعداد میں مسلمان اعتکاف کی سعادت حاصل کرتے ہیں اور اس سال بھی ملک بھر کی مساجد میں لاکھوں فرزندان توحید اعتکاف میں بیٹھیں گے۔

اعتکاف عربی زبان کا لفظ ہے جس کے معنی ’ٹھہر جانے‘ اور ’خود کو روک لینے کے‘ ہیں۔

اعتکاف میں شرکت کے لیے لوگ 20 ویں رمضان سے عصر کے وقت مساجد میں داخل ہوتے ہیں اور عیدالفطر کا چاند نظر آتے ہی اعتکاف ختم کردیا جاتا ہے۔

لاہور میں بادشاہی مسجد، جامعہ نعمیہ، جامعہ اشرفیہ اور داتا دربار مسجد سمیت چھوٹی بڑی مساجد میں بھی معتکفین آخری عشرے کی رحمتیں سمیٹنے کے لیے عبادات میں مشغول ہوں گے۔

 

داتادربار مسجد سمیت دیگر مساجد میں معتکفین کے لیے سحر و افطار کے انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔

روشنیوں کے شہر کراچی میں بھی اعتکاف کے بڑے اجتماعات بولٹن مارکیٹ کی نیو میمن مسجد، برنس روڈ کی جناح مسجد، طارق روڈ کی رحمانیہ مسجد اور سولجر بازار کی گلزار حبیب مسجد سمیت دیگر مساجد میں متوقع ہیں۔

 

نظرات بینندگان
captcha